لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور آن لائن ٹریڈ کے میدان میں تیزی سے ترقی کر رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حمایت یافتہ ادارے “ورلڈ لبرٹی آرگنائزیشن” کے اعلیٰ سطحی وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔
ملاقات میں ورلڈ لبرٹی آرگنائزیشن کے وفد میں زجری فوک مین، زجری وٹ کوف اور چیس ہیرو شامل تھے جبکہ پاکستان کرپٹو کونسل کے سربراہ بلال بن ثاقب بھی موجود تھے۔ ملاقات میں بلاک چین اینوویشن، ٹوکنائزیشن، رئیل ورلڈ ایسٹس اور سٹیبل ایپلی کیشنز کے موضوعات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
شرکاء نے معدنیات، زراعت اور دیگر قدرتی وسائل کی ٹوکنائزیشن کے امکانات کا جائزہ لیا اور بلاک چین ٹیکنالوجی کے فروغ کے منصوبے پر غور کیا۔ اس دوران ڈیجیٹل لین دین میں شفافیت، کارکردگی میں بہتری اور سکیورٹی کے لئے سٹیبل کوائن سلوشن کے نفاذ پر بھی گفتگو کی گئی۔
ملاقات میں ترسیلات زر، مالیاتی لین دین اور عالمی تجارت کے لئے ایک مضبوط فریم ورک تشکیل دینے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ شرکاء نے پاکستان کے معاشی اور مالیاتی نظام کو ڈی سینٹرلائزڈ فنانس ماڈل سے مربوط کرنے پر اتفاق کیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ورلڈ لبرٹی فنانشل کے وفد کی اختراعی معاشی سوچ کو سراہتے ہوئے کہا کہ پنجاب کو ڈیجیٹل اینوویشن میں ریجنل لیڈر بنانے کے لئے حکومت پُرعزم ہے۔ انہوں نے وفد کو حکومت پنجاب کے ڈیجیٹل ترقیاتی منصوبوں اور مالیاتی اشتراک کار کی حکمت عملی سے بھی آگاہ کیا۔