پنجاب میں بلٹ ٹرین منصوبے پر عملدرآمد کیلئے ورکنگ گروپ تشکیل

پنجاب میں بلٹ ٹرین منصوبے پر عملدرآمد کیلئے ورکنگ گروپ تشکیل 0

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے لاہور سے راولپنڈی تک پاکستان کی پہلی تیز رفتار “بلٹ ٹرین” چلانے کے فیصلے پر عملدرآمد کے لیے ورکنگ گروپ تشکیل دے دیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ کی ہدایت پر سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب اور وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی کی صدارت میں پہلا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں منصوبے کی فیزیبلٹی اور ٹائم لائن کی تیاری کے لیے صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ پنجاب بلال اکبر خان، مشیر وزیراعلیٰ پنجاب شاہد تارڑ، چیئرمین ریلوے اور سی ای او ریلوے پر مشتمل ورکنگ گروپ قائم کیا گیا ہے۔ مریم اورنگزیب آئندہ ہفتے ورکنگ گروپ کی تیار کردہ تجاویز وزیراعلیٰ کو پیش کریں گی۔

اجلاس میں صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی جبکہ سیکرٹری ٹرانسپورٹ عمران سکندر بلوچ اور سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ آصف طفیل نے ذاتی طور پر شرکت کی۔

سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ بلٹ ٹرین کا آغاز کر کے نواز شریف اور مریم نواز عوام سے کیا گیا ایک اور وعدہ پورا کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی خواہش ہے کہ عوام کو سستی، تیز رفتار اور آرام دہ سفری سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹرین کو عوامی سواری کے طور پر جدید معیار پر لانے کا وژن ہے۔

مریم اورنگزیب نے یہ بھی بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر لاہور اور راولپنڈی کے ریلوے اسٹیشنوں کی اپ گریڈیشن بھی منصوبے کا حصہ ہو گی۔ ساتھ ہی محکمہ سیاحت پنجاب کے تعاون سے لاہور تا راولپنڈی ریلوے ٹریک کو خوبصورت بنانے پر بھی کام کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ لاہور اور راولپنڈی کے درمیان چلنے والی بلٹ ٹرین محض دو سے ڈھائی گھنٹے میں اپنی منزل پر پہنچے گی، جو کہ سفری سہولتوں میں ایک انقلابی پیش رفت ہو گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں