ریاض: سعودی وزارت داخلہ نے حج کے مقدس ایام کے دوران نظم و ضبط برقرار رکھنے اور سیکیورٹی یقینی بنانے کے لیے سخت اقدامات کا اعلان کیا ہے۔ وزارت کے مطابق یکم ذوالقعدہ سے 14 ذوالحجہ تک حج قوانین کی خلاف ورزی پر سخت سزائیں اور بھاری مالی جرمانے لاگو ہوں گے، جن کا اطلاق نہ صرف غیر قانونی زائرین بلکہ ان کے سہولت کاروں پر بھی ہوگا۔
نئے اعلامیے کے مطابق، بغیر اجازت حج کرنے یا اس کی کوشش کرنے والے افراد پر 20 ہزار سعودی ریال تک جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ اسی طرح، وزٹ ویزے پر آنے والے زائرین اگر مکہ مکرمہ یا دیگر مقدس مقامات میں داخل ہونے کی کوشش کریں گے تو ان پر بھی یہی جرمانہ لاگو ہوگا۔
وزارت نے خبردار کیا ہے کہ جو افراد غیر قانونی زائرین کو حج زون میں داخلے کے لیے نقل و حمل یا کسی بھی قسم کی سہولت فراہم کریں گے، ان پر ایک لاکھ ریال تک جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ اگر کوئی شخص غیر مجاز زائرین کو ہوٹل یا نجی رہائش گاہ میں ٹھہراتا ہے تو اسے بھی اسی مالیت کا جرمانہ بھرنا ہوگا۔
وزارت داخلہ کے مطابق ایسے افراد کو مملکت سے ڈی پورٹ کر دیا جائے گا اور آئندہ 10 سال تک سعودی عرب میں داخلے پر پابندی لگا دی جائے گی۔ اس کے ساتھ ہی، اگر کسی کی گاڑی اس غیر قانونی عمل میں استعمال ہوئی تو وہ بھی ضبط کی جا سکتی ہے۔
وزارت نے یہ بھی وضاحت کی ہے کہ سزا یا جرمانے کے خلاف متعلقہ افراد کو 30 دن کے اندر اپیل کرنے اور 60 دن کے اندر عدالت سے رجوع کرنے کا حق حاصل ہوگا۔