اسلام آباد – عالمی شہرت یافتہ امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے پاکستان کے سپہ سالار جنرل سید عاصم منیر کی قائدانہ صلاحیتوں، جرات مندانہ قیادت، اور بھارت کے خلاف غیر مبہم مؤقف کو سراہتے ہوئے انہیں “مردِ آہن” قرار دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق حالیہ پاک-بھارت کشیدگی کے دوران جنرل منیر نے جس غیر معمولی سیاسی فہم و فراست اور عسکری حکمت عملی کا مظاہرہ کیا، وہ بین الاقوامی سطح پر ایک مضبوط پیغام کے طور پر ابھرا ہے۔ اخبار نے لکھا کہ جنرل منیر نہ صرف داخلی چیلنجز کے باوجود قومی بیانیے کو متحد کرنے میں کامیاب رہے، بلکہ انہوں نے عالمی برادری کے سامنے پاکستان کا مؤقف مضبوط انداز میں پیش کیا۔
رپورٹ میں جنرل عاصم منیر کے حالیہ خطاب کا خصوصی ذکر کیا گیا، جس میں انہوں نے ٹینک پر کھڑے ہو کر بھارت کو دوٹوک پیغام دیا کہ “کسی بھی جارحیت کا فوری، فیصلہ کن اور شدید ردعمل دیا جائے گا۔” نیویارک ٹائمز نے اس بیان کو پاکستان کی عسکری قیادت کے مضبوط عزم کی علامت قرار دیا۔
اخبار نے مزید لکھا کہ جنرل عاصم منیر ایک نظریاتی سوچ کے حامل سپہ سالار ہیں، جنہوں نے “دو قومی نظریہ” اور “کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے” جیسے بیانیوں کو نہ صرف زندہ رکھا بلکہ نئی نسل کے سامنے واضح انداز میں پیش کیا۔
جنرل منیر کی سابقہ انٹیلیجنس قیادت، خصوصاً آئی ایس آئی کی سربراہی، ان کی موجودہ دفاعی حکمت عملی اور سفارتی بصیرت میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔ نیویارک ٹائمز کے مطابق وہ ایک ایسے وقت میں نمایاں ہوئے ہیں جب پاکستان کو سیاسی تناؤ اور معاشی بحران کا سامنا ہے، اور ان کی قائدانہ موجودگی نے پالیسیوں میں استحکام پیدا کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق جنرل عاصم منیر نے نہ صرف قومی سلامتی کو ترجیح دی بلکہ بین الاقوامی سفارتکاری میں بھی فعال کردار ادا کیا، خاص طور پر چین اور اقوام متحدہ کے ساتھ حالیہ روابط میں ان کی قیادت جھلکتی ہے۔
نیویارک ٹائمز نے اختتام پر لکھا کہ موجودہ علاقائی کشیدگی کے تناظر میں عالمی نظریں اب جنرل منیر پر مرکوز ہیں، جنہوں نے پاکستان کو ایک بار پھر عالمی منظرنامے پر مضبوط اور باوقار انداز میں اجاگر کیا ہے۔