لاہور: پاکستان کی مقبول ترین سوشل میڈیا اسٹار، ماڈل اور اداکارہ جنت مرزا نے بریک اپ کے بعد زندگی میں مثبت انداز سے آگے بڑھنے کا سادہ لیکن مؤثر فارمولا اپنے مداحوں کے ساتھ شیئر کیا ہے، جس میں انہوں نے ’معافی‘ کو اصل کامیابی کی کنجی قرار دیا۔
انسٹاگرام پر جاری کردہ اپنی ایک ویڈیو میں، جسے ہزاروں صارفین نے پسند کیا، جنت مرزا نے خود کو مزاحیہ انداز میں “لَو گرو” (محبت کا استاد) قرار دیتے ہوئے کہا کہ رشتے ٹوٹنے کے بعد سب سے پہلا اور اہم قدم معافی ہے۔
انہوں نے کہا،
“اگر کوئی شخص آپ کے ساتھ برا کرے یا دھوکہ دے، تو سب سے پہلے اُسے دل سے معاف کریں، کیونکہ جب تک معافی نہیں ہوگی، سکون اور آگے بڑھنے کی راہ ہموار نہیں ہوگی۔”
ویڈیو میں جنت مرزا نے حضرت علیؓ کا قول بھی دہرایا:
“آزمائے ہوئے شخص کو دوبارہ آزمانا نہیں چاہیے”،
جس کا مطلب انہوں نے یہ بیان کیا کہ جو لوگ ایک بار آپ کو مایوس کریں، اُنہیں دوبارہ اپنی زندگی کا حصہ بنانے سے گریز کرنا چاہیے۔
جنت مرزا، جو انسٹاگرام پر 10 ملین سے زائد فالوورز کے ساتھ پاکستان کی سب سے بڑی سوشل میڈیا شخصیات میں شمار ہوتی ہیں، نوجوانوں میں ایک بااثر مقام رکھتی ہیں۔ اُن کے مشورے خاص طور پر نوجوان مداحوں میں مقبول ہوتے ہیں، جو انہیں نہ صرف بطور فنکار بلکہ بطور متاثرکن شخصیت بھی دیکھتے ہیں۔
انہوں نے ویڈیو کے اختتام پر مداحوں کو حوصلہ دیتے ہوئے کہا کہ زندگی ایک سفر ہے، اور ہر تکلیف کے بعد نیا آغاز ممکن ہے – صرف دل کو صاف رکھنا اور خود کو معاف کرنے کے ساتھ دوسروں کو بھی معاف کرنا ضروری ہے۔