معروف پاکستانی اداکارہ نیلم منیر نے حالیہ سیاسی و عسکری حالات پر اپنا مؤقف واضح کرتے ہوئے بھارتی حکمران جماعت بی جے پی کو آڑے ہاتھوں لیا اور پاک فوج کی حمایت میں دو ٹوک مؤقف اختیار کیا ہے۔
اداکارہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر جاری اپنے پیغام میں کہا کہ بھارت کی موجودہ حکومت انتہا پسند نظریات کو فروغ دے کر خطے کے امن کو نقصان پہنچا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اپنی ناکامیوں اور معاشی بدحالی سے عوام کی توجہ ہٹانے کے لیے پاکستان مخالف بیانیے کو استعمال کرتی ہے۔
نیلم منیر کا کہنا تھا کہ بھارت میں ہندوتوا کے ایجنڈے کے تحت اقلیتوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے اور قومی ہم آہنگی کو شدید خطرات لاحق ہو چکے ہیں۔
اداکارہ نے پاکستان کی حالیہ عسکری کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں یومِ تشکر منایا گیا، جو کہ قوم کی یکجہتی، اعتماد اور افواج پاکستان سے محبت کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم نے اپنی بہادر افواج کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
نیلم منیر نے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی مضبوط اور باوقار قیادت میں ملک نے اہم عسکری کامیابی حاصل کی ہے۔ انہوں نے آپریشن ’بنیان مرصوص‘ کو ایک فیصلہ کن اور یادگار مرحلہ قرار دیا، جو تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔