اسلام آباد: ترجمان پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے چینی میڈیا گروپ کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں پاکستان کا دوٹوک مؤقف بیان کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی سب سے بڑی طاقت اس کی قوم اور اس کا عزم ہے، اور شہادت ہمارے لیے زندگی سے زیادہ قیمتی ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات خطے میں امن و استحکام کی ضمانت ہیں، دونوں ممالک کی اولین ترجیح عوام کی فلاح و بہبود ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان اور چین کا باہمی تعاون مثالی ہے، اور دونوں اقوام ترقی کی راہ پر گامزن ہیں۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے انٹرویو میں دنیا کو درپیش چیلنجز جیسے موسمیاتی تبدیلی، آبادی میں اضافہ اور معاشی مسائل کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان حالات میں کسی ملک کا جھوٹے بیانیے پر دوسرے پر حملہ کرنا ناقابلِ قبول ہے۔
انہوں نے بھارت کے ساتھ حالیہ کشیدگی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم نہ پہلے جھکی تھی، نہ اب جھکے گی۔ چاہے کسی نے نیلی، سفید یا خاکی وردی پہنی ہو، شہادت ہمارے لیے اعزاز ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم اللہ کے بعد سب سے زیادہ اپنے اوپر بھروسا رکھتے ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے چینی ترقی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کو چین کی تیز رفتار اور منظم ترقی سے سیکھنا چاہیے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان بھی جلد ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہوگا۔
آخر میں ان کا کہنا تھا کہ آج پاکستان کی گلیوں میں لوگ فتح نہیں بلکہ امن کی خوشی مناتے ہیں، اور یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ ہم امن پسند قوم ہیں۔