لیڈی ہیلتھ ورکرز کا احتجاج، اپ گریڈیشن اور سروس اسٹرکچر کی بحالی کا مطالبہ

لیڈی ہیلتھ ورکرز کا احتجاج، اپ گریڈیشن اور سروس اسٹرکچر کی بحالی کا مطالبہ 0

پشاور: خیبرپختونخوا کی لیڈی ہیلتھ ورکرز نے ایک بار پھر اپنے جائز مطالبات کے لیے سڑکوں کا رخ کر لیا۔ صوبے بھر سے آئی خواتین نے پشاور اسمبلی چوک میں احتجاجی مظاہرہ کیا، جہاں انہوں نے اپ گریڈیشن، سروس اسٹرکچر کی بحالی، کنونس الاؤنس اور دیگر حقوق کے حق میں شدید نعرے بازی کی۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ لیڈی ہیلتھ ورکرز نے کورونا، پولیو مہمات اور دیگر ایمرجنسی صورتحال میں فرنٹ لائن ورکرز کے طور پر خدمات سرانجام دی ہیں، لیکن حکومت ان کی محنت اور قربانیوں کا اعتراف کرنے سے قاصر ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر ان کی تنخواہوں، اپ گریڈیشن اور مراعات میں بہتری لائی جائے۔

احتجاج میں شریک خواتین نے اعلان کیا کہ جب تک ان کے مطالبات پورے نہیں کیے جاتے، وہ اپنا احتجاج ختم نہیں کریں گی۔ گرمی کی شدت کے باوجود انہوں نے احتجاج جاری رکھا اور کہا کہ حکومت کو ان کی مشکلات کا احساس کرنا ہوگا۔

لیڈی ہیلتھ ورکرز نے خیبرپختونخوا حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ “حکومت خود اسلام آباد میں دھرنا دیتی ہے، مگر اپنے ہی صوبے کی خواتین ورکرز کے مطالبات کو نظر انداز کر رہی ہے۔”

انہوں نے وزیر اعلیٰ اور وزیر صحت سے فوری مداخلت کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر مسائل حل نہ کیے گئے تو احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں