اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف 25 مئی سے 30 مئی تک ایران، ترکیہ، آذربائیجان اور تاجکستان کا اہم سرکاری دورہ کریں گے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق وزیراعظم ان ممالک کے دورے کے دوران باہمی تعلقات، معاشی تعاون، علاقائی استحکام اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ وزیراعظم حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران دوست ممالک کے تعمیری اور سفارتی کردار پر ان کا شکریہ بھی ادا کریں گے۔ اس دورے کا مقصد پاکستان کی خارجہ پالیسی کو مزید مؤثر اور فعال بنانا ہے، تاکہ خطے میں روابط کو فروغ دیا جا سکے۔
وزیراعظم شہباز شریف 29 مئی کو ایک بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کریں گے جہاں وہ پاکستان کا مؤقف عالمی سطح پر پیش کریں گے اور اہم عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے۔
دفتر خارجہ کے مطابق یہ دورہ چاروں برادر ممالک کے ساتھ تعلقات کو مزید وسعت دینے اور خطے میں امن، ترقی اور تعاون کو فروغ دینے میں ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔