پنجاب حکومت کا بڑا اقدام: سماج دشمن عناصر کے خلاف ’غنڈہ ایکٹ 2025‘ تیار

پنجاب حکومت کا بڑا اقدام سماج دشمن عناصر کے خلاف ’غنڈہ ایکٹ 2025‘ تیار 0

لاہور: حکومت پنجاب نے صوبے میں امن و امان کے قیام اور شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے نیا قانونی مسودہ تیار کر لیا ہے جس کا نام “پنجاب کنٹرول آف غنڈہ ایکٹ 2025” رکھا گیا ہے۔ یہ ایکٹ منشیات فروشی، جوئے، بھتہ خوری، سائبر کرائم اور ہراسانی جیسے جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی راہ ہموار کرے گا۔

مسودے کے مطابق، ایسے افراد جو ان جرائم میں ملوث ہوں گے، انہیں “غنڈہ” قرار دیا جا سکے گا، اور یہ اختیار ڈسٹرکٹ انٹیلیجنس کمیٹی کو حاصل ہوگا۔ ایک مرتبہ کسی شخص کو غنڈہ قرار دینے کے بعد، اس پر مختلف پابندیاں عائد کی جا سکیں گی۔

اہم نکات:
نو فلائی لسٹ میں نام شامل کیا جائے گا۔

شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بلاک کیے جا سکیں گے۔

ڈیجیٹل آلات اور ڈیٹا ضبط کرنے کی اجازت ہو گی۔

بینک اکاؤنٹس منجمد، اسلحہ لائسنس منسوخ کیے جا سکیں گے۔

حساس عوامی مقامات پر داخلے پر پابندی لگائی جائے گی۔

ڈیجیٹل مانیٹرنگ اور بایومیٹرک ڈیٹا کلیکشن کی اجازت دی جائے گی۔

اچھے سلوک کی ضمانت کے لیے ضمانتی بانڈز بھی لازمی قرار دیے جا سکیں گے۔

سزائیں:
اگر کوئی شخص ان احکامات کی خلاف ورزی کرتا ہے تو:

اسے 3 سے 5 سال قید اور 15 لاکھ روپے تک جرمانہ ہو سکتا ہے۔

جرم دہرانے پر 7 سال قید اور 20 لاکھ روپے تک جرمانہ کی سزا دی جا سکتی ہے۔

اپیل کا حق:
متاثرہ شخص کو ڈویژنل، صوبائی یا اپیل کمیٹیوں میں اپیل کا حق حاصل ہو گا، جن کی سماعت ریٹائرڈ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی سربراہی میں قائم ٹریبونل کرے گا۔

حکام کا کہنا ہے کہ یہ قانون صوبے میں عادی مجرمان کی سرگرمیوں کو روکنے اور عوام کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ایک اہم قدم ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں