مظفر آباد: آئی جی آزاد کشمیر رانا عبدالجبار نے کہا ہےکہ آزاد کشمیر میں دہشتگردی کے لیے افغان سرزمین استعمال ہوئی۔
مظفر آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے آئی جی پولیس آزاد کشمیر نے کہا کہ گزشتہ روز دہشتگردوں کی موجودگی اطلاع پر پولیس نے حسین کوٹ میں کارروائی کی جس دوران دہشتگردوں نے پولیس پر دستی بم اور خودکار ہتھیاروں سے حملہ کیا۔
آئی جی رانا عبدالجبار نے بتایا کہ مقابلے میں فتنہ الخوارج کے مقامی سربراہ زرنوش سمیت 4 دہشتگرد مارے گئے جب کہ مقابلے میں پولیس کے 2 جوان شہید اور 5 زخمی ہوئے۔
آئی جی پولیس کا کہنا تھا کہ وزیراعظم آزاد کشمیر نے شہید اہل کاروں کے ورثا کےلیے فی کس ایک کروڑ روپے جب کہ زخمی اہلکاروں کو 20، 20 لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا ہے۔
آئی جی رانا عبدالجبار نے مزید بتایا کہ دہشتگرد زرنوش آزاد کشمیر میں خوارج کا ٹھکانہ بنارہا تھا، افغانستان فرار ہونے والے دہشتگرد ڈاکٹرعبدالرؤف اورغازی شہزاد دشمن ملک کی پراکسیز بنے ہوئے ہیں، آزاد کشمیر میں دہشتگردی کے لیے افغان سرزمین استعمال ہوئی، حکومت پاکستان کے ذریعےافغانستان کی حکومت کو شواہد مہیا کریں گے
آزاد کشمیر میں دہشتگردی کیلئے افغان سرزمین استعمال ہوئی: آئی جی آزاد کشمیر
