باغ: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی افواج نے مئی میں بھارت کے ساتھ چار روزہ جنگ میں زوردار کامیابی حاصل کی اور معاشی میدان میں بھی پاکستان جلد فتح حاصل کرے گا۔
آزاد جموں و کشمیر کے شہر ہاڑی گہل باغ میں دانش سکول کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ چار دن کی جنگ میں افواجِ پاکستان نے بھارت کے کئی جنگی طیارے گرائے اور امریکی صدر و کانگریس کی رپورٹس نے پاکستان کی اس فتح کی تصدیق کی۔ انہوں نے کہا کہ افواجِ پاکستان کے جوانوں کی بہادری، شاہینوں کی شاندار کارکردگی اور بری افواج کے الفتح میزائل نے بھارت کے اندر بھی موثر کارروائی کی۔
وزیراعظم نے فیلڈ مارشل کی قیادت کو جنگ میں اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ مشاورت کے ساتھ کیے گئے فیصلوں نے کامیابی میں کلیدی کردار ادا کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان معاشی میدان میں بھی دن رات محنت کر رہا ہے اور جلد معاشی کامیابی حاصل ہوگی۔
اس موقع پر دانش سکول کے حوالے سے وزیراعظم نے کہا کہ باغ میں دانش سکول کا سنگ بنیاد رکھ کر خوشی ہوئی، اور پاکستان میں دانش سکولوں کا سلسلہ پورے ملک میں ترقی کے ساتھ پھیل رہا ہے۔ 23 مارچ 2026 تک باغ میں اس کا افتتاح کیا جائے گا، جبکہ وادی نیلم میں بھی نئی دانش سکول قائم کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ دانش سکول میں ڈیجیٹل لائبریریاں، سمارٹ بورڈز اور بہترین کھیل کے میدان موجود ہوں گے، اور داخلہ و تقرری صرف میرٹ پر ہوگی۔
وزیراعظم نے کہا کہ آزادکشمیر کی نئی حکومت گورننس کے اعلیٰ معیار کو یقینی بنائے اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کے حقوق کے لیے پاکستان عالمی سطح پر آواز بلند کرتا رہے گا۔
اس موقع پر آزادکشمیر کے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ پاک افواج سرحدوں پر ہماری حفاظت کر رہی ہیں اور وہ دن دور نہیں جب کشمیریوں کو حق خودارادیت ملے گا۔ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ کشمیر کو دانش سکولوں کے قیام کے طور پر اہم قرار دیا۔






