واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اقتدار سنبھالنے کے بعد امریکی سرحدوں کو پہلے سے زیادہ محفوظ بنا دیا گیا ہے۔ وائٹ ہاؤس میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ 7 ماہ کے دوران کوئی بھی شخص غیر قانونی طور پر امریکا میں داخل نہیں ہوا، جس سے ثابت ہوتا ہے کہ بارڈر سیکیورٹی اب مؤثر اور مضبوط ہوچکی ہے۔
صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ غیر قانونی داخلے روکنا ان کی حکومت کی بڑی کامیابی ہے، اور انہی پالیسیوں کی بدولت امریکا دوبارہ مضبوط ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک سال پہلے امریکا کو “مردہ ملک” کہا جاتا تھا لیکن اب معاشی اور سیکیورٹی صورتحال میں واضح بہتری آئی ہے۔
اپنے خطاب میں انہوں نے بارڈر کنٹرول اقدامات کو تاریخی قرار دیا اور کہا کہ عوام نے ان پالیسیوں کے مثبت نتائج محسوس کیے ہیں۔ ٹرمپ نے مخالفین کی تنقید کا جواب دیتے ہوئے اپنی انتظامیہ کی کارکردگی کا بھرپور دفاع کیا۔
امریکی صدر نے مزید کہا کہ ’’امریکا دوبارہ فعال، محفوظ اور مضبوط راستے پر گامزن ہے۔‘‘






