ڈونلڈ ٹرمپ نے بی بی سی کیخلاف ہتک عزت کا مقدمہ دائر کر دیا

ڈونلڈ ٹرمپ نے بی بی سی کیخلاف ہتک عزت کا مقدمہ دائر کر دیا 0

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے خلاف ہتکِ عزت کا مقدمہ دائر کر دیا ہے۔ خبر ایجنسی کے مطابق ٹرمپ نے فلوریڈا کی عدالت میں 5 ارب ڈالر ہرجانے کا دعویٰ کیا ہے۔

مقدمے میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ بی بی سی نے 6 جنوری 2021 کی تقریر کا ایڈٹ شدہ اور سیاق و سباق سے ہٹ کر کلپ نشر کیا، جس سے ان کی ساکھ کو شدید نقصان پہنچا۔ ٹرمپ کے مطابق تقریر کے مخصوص حصوں کو اس انداز میں جوڑا گیا کہ ایک گھنٹے کے وقفے سے کہے گئے جملے مسلسل بیان کے طور پر پیش کیے گئے۔

یاد رہے کہ بی بی سی نے ایک ڈاکیومنٹری میں ٹرمپ کی تقریر کے مختلف حصوں کو اس طرح شامل کیا تھا کہ یہ تاثر دیا گیا کہ انہوں نے اپنے حامیوں کو کیپیٹل کی جانب مارچ کرنے اور لڑنے کی ہدایت دی، جبکہ ٹرمپ کے مطابق حقیقت اس کے برعکس تھی۔

اس معاملے پر بی بی سی پہلے ہی اپنے عمل کو غلط قرار دے چکا ہے اور ڈونلڈ ٹرمپ سے باضابطہ معذرت بھی کی جا چکی ہے۔ ادارے نے تسلیم کیا کہ تقریر کے حصوں کو جوڑنے سے یہ غلط تاثر پیدا ہوا کہ ٹرمپ نے براہِ راست تشدد پر اکسانے کی اپیل کی۔

مزید پیش رفت میں بی بی سی کے ڈائریکٹر جنرل ٹم ڈیوی اور بی بی سی نیوز کی سربراہ ڈیبورا ٹرنس نے اس تنازع پر اپنی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے استعفیٰ بھی دے دیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں