پاکستان اور بحرین کے تعلقات مشترکہ مذہب اور ثقافت پر مبنی ہیں: صدر مملکت

پاکستان اور بحرین کے تعلقات مشترکہ مذہب اور ثقافت پر مبنی ہیں صدر مملکت 0

اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان اور بحرین کے درمیان تعلقات مشترکہ مذہب اور ثقافت کی مضبوط بنیادوں پر قائم ہیں، اور پاکستان بحرین کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کا خواہاں ہے۔

یہ بات صدر مملکت نے اسلام آباد میں بحرین کے سفیر محمد ابراہیم محمد عبدالقادر سے ملاقات کے دوران کہی۔ ملاقات میں سینیٹر شیری رحمان اور سینیٹر سلیم مانڈوی والا بھی شریک تھے۔

صدر آصف علی زرداری نے بحرین کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی رکنیت حاصل کرنے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے خوراک، آئی ٹی اور سیاحت کے شعبوں میں بحرینی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے میں سرمایہ کاری کے لیے پرکشش مواقع فراہم کر رہا ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ بحرین میں مقیم پاکستانی کمیونٹی بحرینی معیشت میں مثبت کردار ادا کر رہی ہے، اور ایک لاکھ سے زائد پاکستانیوں کو روزگار اور عزت فراہم کرنے پر بحرین کی حکومت کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے شاہ بحرین کی جانب سے پاکستانی قیدیوں کی معافی پر بھی اظہار تشکر کیا۔

اس موقع پر صدر زرداری نے پاکستان میں حالیہ دہشت گردی کے واقعات پر بحرین کی جانب سے اظہارِ یکجہتی پر بھی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ بحرینی قیادت کا حالیہ دورہ پاکستان اور اس موقع پر پرتپاک استقبال دونوں ممالک کے دیرینہ اور مضبوط تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں