وزرائے داخلہ کا دورہ لاہور ایئرپورٹ، کسی کو بلاجواز نہیں روکا جائے گا: محسن نقوی

وزرائے داخلہ کا دورہ لاہور ایئرپورٹ، کسی کو بلاجواز نہیں روکا جائے گا محسن نقوی 0

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے امیگریشن کے انتظامات اور مسافروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔

دونوں وزرا نے امیگریشن کاؤنٹرز پر جا کر بیرونِ ملک جانے والے مسافروں کے عمل کو دیکھا اور مسافروں سے براہِ راست گفتگو کی۔ مسافروں نے بتایا کہ امیگریشن کا عمل کم وقت میں مکمل ہو رہا ہے اور مجموعی انتظامات تسلی بخش ہیں۔

دورے کے دوران وزیر داخلہ محسن نقوی نے بہتر کارکردگی دکھانے والے ایف آئی اے اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کی۔ ایک مسافر کی جانب سے چیکنگ میں تاخیر کے باعث بورڈنگ رہ جانے کی شکایت پر وزیر داخلہ نے فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو مسافر کی بورڈنگ یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

محسن نقوی نے مسافروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی عزت اور شہریوں کی سہولت حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی مسافر کو بلاوجہ بیرون ملک جانے سے نہیں روکا جائے گا، تاہم نامکمل دستاویزات یا غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث افراد کو سفر کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ انہوں نے واضح کیا کہ ملک کی ساکھ کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں