لاہور: پاکستان اور دنیا بھر میں مسیحی برادری آج کرسمس کا تہوار مذہبی جوش و جذبے سے منا رہی ہے۔ اس موقع پر خوشی، محبت اور امن کا پیغام عام کیا جا رہا ہے جبکہ گرجا گھروں میں خصوصی عبادات اور دعائیہ تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔
کراچی کے مختلف چرچز میں کرسمس کی مناسبت سے خصوصی دعائیں کی گئیں اور عبادات کا سلسلہ دن بھر جاری رہا۔ لاہور میں بھی گرجا گھروں کو خوبصورتی سے سجایا گیا، جہاں مسیحی برادری نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی مسیحی خاندان عبادات اور کرسمس شاپنگ میں مصروف نظر آئے۔ اس موقع پر کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔
کرسمس کے موقع پر صدرِ مملکت اور وزیراعظم نے بھی مسیحی برادری کو دلی مبارکباد پیش کی۔ صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ کرسمس امید، امن اور باہمی ہمدردی کا پیغام دیتا ہے جو پوری انسانیت کے لیے مشعلِ راہ ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ کرسمس کی خوشیاں تمام اہلِ وطن کے لیے ہیں اور دعا ہے کہ یہ تہوار ملک میں امن، استحکام اور خوشحالی کا باعث بنے۔ انہوں نے مسیحی برادری کے مثبت، فعال اور پُرامن کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جدوجہد میں ان کی قربانیاں قابلِ فخر ہیں۔
افواجِ پاکستان کی جانب سے بھی مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد دی گئی اور ملکی ترقی و خوشحالی میں ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔






