پشاور: دہشتگردوں سے مقابلے کے دوران شہید ہونے والے فیڈرل کانسٹیبلری (ایف سی ) کے 6 اہلکار کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق حسن خیل کے علاقے میں خوارجیوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے فیڈرل کانسٹیبلری کے 6 اہلکار جام شہادت نوش کر گئے۔
شہدا کی نماز جنازہ پشاور میں فیڈرل کانسٹیبلری کے ہیڈ کوارٹر میں ادا کی گئی جس میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت طلال چودھری سمیت آئی جی فرنٹیئر کور نارتھ، آئی جی خیبرپختونخوا پولیس، آئی جی فیڈرل کانسٹیبلری، کمانڈنٹ نیشنل پولیس اکیڈمی، ڈی جی ایف آئی اے، ڈی جی این سی سی آئی اے، کمشنر و ڈپٹی کمشنر پشاور اور دیگر افسران نے شرکت کی۔
نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد وزیرداخلہ محسن نقوی اور طلال چودھری نے شہداء کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا اور دلاسہ دیا۔
علاوہ ازیں دونوں وفاقی وزرا نے شہید نائیک عامر، لانس نائیک محمد یوسف، لانس نائیک محمد ریاض، سپاہی اجمیر، احسان اور ریاض کی قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ورثا سے اظہارِ ہمدردی کیا۔
اس موقع پر اپنی گفتگو میں وزیرداخلہ کا شہدا کے لواحقین کے بلند حوصلے کو سراہتے ہوئے کہنا تھا کہ شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی قوم کے بہادر سپوتوں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
اُنہوں نے کہا کہ شہدا کے غمزدہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں، شہدا کے اہلِ خانہ کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔
دوسری جانب طلال چودھری کا کہنا تھا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف متحد اور یکسو ہے، امن دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید مؤثر بنائی جائیں گی۔
مزید برآں آئی جی فیڈرل کانسٹیبلری نے وزیر داخلہ محسن نقوی کو واقعہ کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔






