بھارتی سپانسرڈ دہشتگردوں، سہولت کاروں سے بغیر رعایت نمٹا جائیگا: کورکمانڈرز کانفرنس

بھارتی سپانسرڈ دہشتگردوں، سہولت کاروں سے بغیر رعایت نمٹا جائیگا کورکمانڈرز کانفرنس 0

راولپنڈی: راولپنڈی میں منعقدہ کور کمانڈرز کانفرنس نے واضح کیا ہے کہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم تمام دہشت گردوں، ان کے سہولت کاروں اور معاونین کے خلاف بلا امتیاز اور بغیر کسی رعایت کے فیصلہ کن کارروائی جاری رکھی جائے گی۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرأت، چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز کی زیرِ صدارت 273 ویں کور کمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی۔ فورم نے حالیہ دہشت گردی کے واقعات میں شہید ہونے والے معصوم شہریوں، مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔

کانفرنس کے شرکاء نے دہشت گردی کے خلاف مادرِ وطن کا دفاع کرتے ہوئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ آرمی چیف نے افواجِ پاکستان کی غیر متزلزل جرات، پیشہ ورانہ مہارت اور قربانیوں کو سراہتے ہوئے حالیہ مہینوں میں ملک بھر میں انٹیلی جنس بنیادوں پر کی جانے والی انسدادِ دہشت گردی کارروائیوں کی تعریف کی۔

فورم کو اندرونی اور بیرونی سکیورٹی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، جس میں ملک کو درپیش خطرات اور آپریشنل تیاریوں کا جامع جائزہ لیا گیا۔ شرکاء نے دہشت گردی، جرائم اور سیاسی مفادات کے گٹھ جوڑ کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ قومی یکجہتی، سلامتی اور استحکام کو نقصان پہنچانے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔

کانفرنس میں بلوچستان حکومت کے خصوصی ترقیاتی اقدامات کو سراہا گیا جو عوام کو بااختیار بنانے اور دہشت گردی کے محرکات کے خاتمے میں معاون ثابت ہو رہے ہیں۔ شرکاء نے پائیدار امن کے قیام کے لیے قومی ایکشن پلان کے تحت دیگر علاقوں میں بھی عوامی فلاحی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔

فورم نے کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت کا اعادہ کیا اور مسئلہ فلسطین پر پاکستان کے اصولی مؤقف کی توثیق کرتے ہوئے غزہ میں فوری اور مستقل جنگ بندی، انسانی امداد کی بلا رکاوٹ رسائی اور آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کا مطالبہ کیا۔

کانفرنس کے اختتام پر آرمی چیف نے کمانڈرز کو آپریشنل تیاری، نظم و ضبط، تربیت، جسمانی فٹنس، جدت اور میدانِ جنگ میں اعلیٰ ترین پیشہ ورانہ معیار برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے ملکی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے افواجِ پاکستان کی صلاحیتوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں