کیا آپ کا واٹس ایپ اکاؤنٹ اچانک بلاک یا ڈس ایبل ہوگیا ہے؟ اگر ہاں تو ایسا آپ کی غلطی کی وجہ سے نہیں ہوا۔
درحقیقت واٹس ایپ کے اندر ایک مسئلے کی وجہ سے دنیا بھر میں ہزاروں افراد کے اکاؤنٹس بلاک ہوگئے ہیں۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر متعدد افراد نے رپورٹ کیا ہے کہ ان کے واٹس ایپ اکاؤنٹس بلاک ہوگئے ہیں اور اندر ریویو کا میسج نظر آرہا ہے۔
اس حوالے سے میٹا نے ایک بیان میں بتایا کہ ایسا ایک مسئلے کی وجہ سے ہوا جسے ٹھیک کیا جا رہا ہے۔
کمپنی کے مطابق ان اکاؤنٹس تک رسائی بحال کرنے کے لیے کام کیا جا رہا ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر متعدد صارفین نے بتایا تھا کہ اچانک ان کے لیے واٹس ایپ اکاؤنٹس کو استعمال کرنا ممکن نہیں رہا۔
انہوں نے بتایا کہ جب بھی وہ اکاؤنٹس تک رسائی کی کوشش کرتے ہیں تو واٹس ایپ پر لکھا آتا ہے کہ آپ کے اکاؤنٹ اور ڈیوائس کی تفصیلات کو چیک کیا جا رہا ہے تاکہ یقینی بنایا جاسکے کہ آپ ہماری شرائط پر عمل کر رہے ہیں، اس حوالے سے 24 گھنٹوں میں آپ کو بتایا جائے گا۔
خیال رہے کہ واٹس ایپ صارفین کی تعداد 3 ارب سے زیادہ ہے تو اگر یہ مسئلہ زیادہ بڑا نہیں، تو بھی ہزاروں افراد اس سے متاثر ہوسکتے ہیں۔
میٹا نے مسئلے کا اعتراف تو کیا مگر یہ واضح نہیں کیا کہ کس خطے کے افراد متاثر ہوئے ہیں یا اس کی بنیادی وجہ کیا ہے۔






