پشاور: خیبر پختونخوا کے صوبائی دارالحکومت پشاور میں فلاحی ادارے زمونگ کور سے وابستہ یتیم اور بے سہارا بچیوں نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی کی خصوصی دعوت پر وزیر اعلیٰ ہاؤس کا دورہ کیا۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ ہاؤس پشاور میں بچیوں کے اعزاز میں خصوصی ظہرانے کا اہتمام کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے مہمان بچیوں کا پرتپاک استقبال کیا اور انہیں وزیر اعلیٰ ہاؤس کے مختلف حصوں کا دورہ کرایا۔ انہوں نے بچیوں کے ساتھ خوشگوار ماحول میں گفتگو کی اور یادگار لمحات کو محفوظ کرنے کے لیے ان کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔
وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر بچیوں میں تحائف بھی تقسیم کیے اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔ زمونگ کور میں مقیم یتیم اور بے سہارا بچیوں نے وزیر اعلیٰ ہاؤس میں گزارے گئے وقت کو یادگار قرار دیتے ہوئے دعوت اور خصوصی توجہ پر وزیر اعلیٰ کا شکریہ ادا کیا۔






