اسلام آباد: تحریک تحفظ آئین پاکستان نے ملک بھر میں عوام سے رابطے کو مضبوط بنانے کے لیے 8 جنوری سے عوامی رابطہ مہم شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اپوزیشن اتحاد کی یہ مہم 8 جنوری کو شروع ہوگی جو جی ٹی روڈ کے ذریعے مختلف شہروں سے گزرتی ہوئی آگے بڑھے گی۔ اس عوامی رابطہ مہم میں محمود خان اچکزئی، علامہ راجہ ناصر عباس سمیت اپوزیشن اتحاد کے دیگر اہم رہنما شرکت کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عوامی رابطہ مہم تین روز تک جاری رہے گی۔ مہم کا آغاز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے ہوگا جبکہ اس کا اختتام صوبائی دارالحکومت لاہور میں کیا جائے گا۔
اپوزیشن اتحاد کے رہنماؤں کے مطابق اس مہم کا مقصد عوام کو درپیش مسائل سے آگاہی حاصل کرنا اور آئین و جمہوریت کے تحفظ کے لیے عوامی حمایت کو منظم کرنا ہے۔






