وینزویلا میں تیل تک مکمل رسائی ہونی چاہئے ورنہ دوسرا حملہ بھی کریں گے: ٹرمپ

وینزویلا میں تیل تک مکمل رسائی ہونی چاہئے ورنہ دوسرا حملہ بھی کریں گے ٹرمپ 0

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وینزویلا اور خطے کے دیگر ممالک کے حوالے سے سخت موقف اختیار کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر وینزویلا نے امریکی مطالبات پورے نہ کیے تو امریکا دوبارہ کارروائی کر سکتا ہے۔

صحافیوں سے ایئر فورس ون میں گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکا کو وینزویلا میں تیل اور دیگر وسائل تک مکمل رسائی حاصل ہونی چاہیے۔ انہوں نے وینزویلا میں نائب صدر ڈیلسی روڈریگز اور دیگر خطائی ممالک کو بھی واضح انتباہ دیا کہ اگر امریکی مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو بھاری قیمت ادا کرنی پڑ سکتی ہے۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ وینزویلا ممکن ہے امریکی مداخلت کا آخری ملک نہ ہو اور انہوں نے گرین لینڈ کی اہمیت پر بھی زور دیا، جسے امریکا اپنے دفاع کے لیے ضروری سمجھتا ہے، کیونکہ وہ چینی اور روسی جہازوں سے گھرا ہوا ہے۔

کیوبا کے حوالے سے صدر ٹرمپ نے کہا کہ کیوبا کی حکومت جلد خود ہی گر سکتی ہے کیونکہ وینزویلا سے آمدنی بند ہونے کے بعد وہ بحران میں ہیں۔ کولمبیا کے بارے میں انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کو کوکین کی پیداوار اور امریکا میں فروخت کے مسائل کا سامنا ہے، اور میکسیکو کو بھی خبردار کیا کہ اگر نظام درست نہ کیا گیا تو امریکا کو اقدامات کرنا ہوں گے۔

روس کے تیل کے معاملے پر بھارت کے حوالے سے صدر ٹرمپ نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی چاہتے تھے کہ وہ انہیں خوش کریں کیونکہ وہ جانتے تھے کہ امریکا خوش نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر بھارت نے تعاون نہ کیا تو امریکا ان پر مزید ٹیرف لگا سکتا ہے، جس سے بھارتی معیشت پر بڑا اثر پڑ سکتا ہے۔

واضح رہے کہ امریکا نے روسی تیل کی خریداری پر بھارت سمیت دیگر ممالک پر پہلے ہی مختلف ٹیرف عائد کیے ہوئے ہیں، اور صدر ٹرمپ کے حالیہ بیانات سے خطے میں تجارتی اور سیاسی تناؤ میں اضافہ ہونے کا امکان ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں