ممبئی: بالی ووڈ کے معروف اداکار سلمان خان کی حالیہ ریلیز ہونے والی فلم ’سکندر‘ باکس آفس پر بری طرح ناکام ہوئی ہے، جس پر ان کے مداحوں نے ان سے ملاقات کے لیے ان کے گھر کا رخ کیا۔ فلم ’سکندر‘ عید پر ریلیز ہوئی تھی، مگر اب تک 100 کروڑ کا ہندسہ بھی عبور نہیں کر سکی، جس سے سلمان خان بھی فکر مند ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق، سلمان خان کے مداحوں نے 5 اپریل کو گلیکسی اپارٹمنٹ میں ایک گھنٹہ طویل ملاقات کی۔ اس ملاقات میں سلمان خان، ان کی ٹیم اور مداحوں نے فلم کی ناکامی پر کھل کر بات کی۔ مداحوں نے سکندر کی سٹوری اور مارکیٹنگ پر اپنی ناراضگی کا اظہار کیا، اور کہا کہ فلم کی اسٹوری میں کمی تھی، اور اس کی مارکیٹنگ بھی مناسب نہیں تھی۔ علاوہ ازیں، مداحوں نے یہ بھی شکایت کی کہ فلم کے لیک ہونے کے بعد ساجد ناڈیاڈ والا کی ٹیم سے شکایت کی گئی تھی، لیکن اسے سنجیدہ نہیں لیا گیا۔
سلمان خان نے مداحوں سے ملاقات میں اس بات کو تسلیم کیا کہ شروع سے ہی انہیں فلم ’سکندر‘ کے بارے میں کچھ نہ کچھ غیر معمولی محسوس ہو رہا تھا۔ سلمان خان نے مداحوں کو یقین دلایا کہ وہ ان کی شکایات پر دھیان دیں گے اور مستقبل میں ایسی فلمیں کریں گے جو ان کے مداحوں کی پسند کے مطابق ہوں۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ مداحوں نے سلمان خان سے مشورہ دیا کہ وہ علی عباس اور کبیر خان جیسے معروف ڈائریکٹرز کے ساتھ کام کریں، اور شاہ رخ خان کی منیجر پوجا دادلانی کی طرح ایک شخص رکھیں جو مداحوں اور اداکار کے درمیان پل کا کردار ادا کرے۔
سلمان خان نے مداحوں سے ملاقات کے دوران ان سب مسائل کو حل کرنے کا وعدہ کیا اور کہا کہ وہ وہی فلمیں کریں گے جو ان کے مداح چاہتے ہیں۔