پاکستان ہائی کمیشن نے بیساکھی کی تقریبات کے موقع پر 6,500 سے زائد بھارتی یاتریوں کو ویزے جاری کیے ہیں۔ یہ یاتری 10 سے 19 اپریل 2025 تک پاکستان میں منعقد ہونے والی سالانہ بیساکھی تقریبات میں شرکت کریں گے۔
ترجمان پاکستانی ہائی کمیشن کے مطابق یہ بھارتی یاتری پاکستان کے مختلف مقدس مقامات جیسے گوردوارہ پنجہ صاحب، گوردوارہ ننکانہ صاحب اور گوردوارہ کرتار پور صاحب کا دورہ کریں گے۔
پاکستانی ناظم الامور سعد احمد وڑائچ نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان کی جانب سے ویزوں کا اجرا بین المذاہب، بین الثقافت اور بین الاقوامی ہم آہنگی کو فروغ دینے کی پالیسی کا عکاس ہے۔ سعد احمد وڑائچ نے مزید کہا کہ پاکستان ایسے مقدس اور مذہبی مقامات کے دوروں کو سہل بنانے کے عمل کو جاری رکھے گا۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان مذہبی زیارتوں کے لیے 1974 کے پروٹوکول کے تحت بھارت سے یاتری پاکستان کا دورہ کرتے ہیں۔ ہر سال بھارت سے بڑی تعداد میں یاتری پاکستان آ کر مختلف مذہبی تہواروں اور مواقع پر شرکت کرتے ہیں۔