اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل کمی کو عوامی ریلیف میں تبدیل کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت اس فائدے کو براہ راست عوام تک پہنچانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ وزیر اعظم نے بجلی کی قیمتوں میں مزید کمی کا بھی اشارہ دے دیا۔
یہ اعلان وزیر اعظم کی زیر صدارت میری ٹائم سیکٹر میں اصلاحات سے متعلق اہم اجلاس کے دوران سامنے آیا، جہاں انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں بھی جب تیل کی قیمتوں میں کمی آئی تو عوام کو بجلی کے نرخوں میں کمی کی صورت میں ریلیف دیا گیا، اور اب بھی اسی جذبے کے تحت فوری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ توانائی کے شعبے میں اصلاحات کی بدولت بجلی کی قیمتوں میں پہلے ہی خاطر خواہ کمی ممکن ہوئی ہے، اور مستقبل میں مزید بہتری کے لیے حکومتی ٹیم بھرپور کام کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آنے والے مہینوں میں عوام کو بہتر نتائج نظر آئیں گے۔
شہباز شریف نے میری ٹائم سیکٹر میں جاری اصلاحات کا بھی جائزہ لیا اور کہا کہ بندرگاہوں کو بین الاقوامی معیار کے مطابق مسابقتی بنانے کے لیے تجارتی ٹیرف پر نظرثانی ضروری ہے۔ انہوں نے کسٹمز کے ریڈ اور یلو چینلز میں کلیئرنس کا عمل تیز کرنے اور کنٹینرز کے بندرگاہوں پر قیام کے دورانیے کو کم کرنے کے لیے واضح لائحہ عمل کی ہدایت بھی جاری کی۔
واضح رہے کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں حالیہ دنوں کے دوران 2 سے 3 فیصد تک کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف نے بجلی کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا اعلان کیا تھا، جس کے تحت گھریلو صارفین کے لیے فی یونٹ نرخ میں 7.15 روپے اور کمرشل صارفین کے لیے 8.58 روپے کمی کی گئی تھی۔