افغانستان میں امریکی اسلحہ کے معاملے پر پیش رفت،پاک-امریکا کا معاشی تعاون بڑھانے پر اتفاق

افغانستان میں امریکی اسلحہ کے معاملے پر پیش رفت،پاک-امریکا کا معاشی تعاون بڑھانے پر اتفاق 0

اسلام آباد: پاکستان اور امریکا کے وزرائے خارجہ کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں افغانستان میں موجود امریکی فوجی ساز و سامان سے متعلق معاملات حل کرنے اور دونوں ممالک کے درمیان معاشی تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے درمیان ہونے والی گفتگو میں انسداد دہشت گردی، تجارت، سرمایہ کاری اور افغانستان کی صورتحال جیسے اہم امور زیر بحث آئے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان امریکا کے ساتھ مضبوط اور پائیدار شراکت داری کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے خصوصاً تجارت، سرمایہ کاری اور دہشت گردی کے خلاف تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔

مارکو روبیو نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی قربانیوں کو سراہا اور کہا کہ امریکا مستقبل میں بھی پاکستان کے ساتھ انسداد دہشت گردی کے شعبے میں قریبی تعاون کا خواہاں ہے۔

دونوں رہنماؤں نے افغانستان میں موجود امریکی فوجی سامان کے مسئلے کو پرامن طریقے سے حل کرنے پر اتفاق کیا۔ اس دوران، امریکا نے پاکستان کے معدنی وسائل، تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع میں دلچسپی کا اظہار بھی کیا۔

ٹیلی فونک گفتگو کے اختتام پر دونوں وزرائے خارجہ نے مشترکہ مفادات کے لیے قریبی رابطے میں رہنے اور باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں