حسن ابدال: گوردوارہ سری پنجہ صاحب، حسن ابدال میں وساکھی میلہ کی تقریبات کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے۔ بھارت سے آئے ہوئے 2,817 سکھ یاتری خصوصی بسوں کے ذریعے پاکستان پہنچے، جہاں گوردوارہ پنجہ صاحب میں ان کا پُرتپاک استقبال کیا گیا۔
یاتریوں کو روایتی انداز میں پھولوں کے ہار اور گلدستے پیش کیے گئے، جبکہ خیرمقدمی نعروں اور خوشگوار ماحول نے ان لمحات کو یادگار بنا دیا۔ یاتریوں کی آمد کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ تمام مذہبی سرگرمیاں پرامن اور محفوظ ماحول میں مکمل ہو سکیں۔
سکھ یاتری گوردوارہ پنجہ صاحب میں قیام کے دوران اپنی روایتی مذہبی رسومات جیسے اکھنڈ پاٹ، ارداس اور کیرتن ادا کریں گے۔ زائرین کی سہولت اور عبادات میں آسانی کے لیے تمام ضروری انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
وساکھی میلہ 17 اپریل تک جاری رہے گا، جس دوران سکھ یاتری اپنے عقیدے کے مطابق عبادات میں مصروف رہیں گے۔ ہر سال کی طرح اس سال بھی پاکستان نے مذہبی رواداری اور اقلیتوں کے احترام کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے سکھ یاتریوں کو خوش آمدید کہا ہے۔