پاکستان اور بیلا روس کے درمیان دوطرفہ تعاون کے معاہدے، سرمایہ کاری کے نئے امکانات روشن

پاکستان اور بیلا روس کے درمیان دوطرفہ تعاون کے معاہدے، سرمایہ کاری کے نئے امکانات روشن 0

منسک: پاکستان اور بیلا روس کے درمیان صنعت و تجارت، ماحولیاتی تحفظ سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے کے لیے اہم معاہدوں اور باہمی مفاہمت کی یادداشتوں کا تبادلہ کیا گیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے بیلا روس کے صدر الیگزینڈر لوکا شینکو سے ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس میں گفتگو کرتے ہوئے اس بات چیت کو نہایت مفید قرار دیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع موجود ہیں جن سے بیلا روسی کمپنیاں فائدہ اٹھا سکتی ہیں۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ دونوں ملکوں کو زرعی اور صنعتی شعبوں میں ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنے اور مشترکہ ترقی کی راہ ہموار کرنے کی ضرورت ہے۔

بیلا روس کے صدر الیگزینڈر لوکا شینکو نے بھی دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو نئی جہت ملنے کی امید ظاہر کی اور کہا کہ دو طرفہ تجارت کے مواقع سے حقیقی معنوں میں استفادہ کیا جانا چاہیے۔

اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے بیلا روس کے ایوانِ آزادی کا بھی دورہ کیا، جہاں انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ اس سے قبل بیلا روسی صدر کی جانب سے وزیراعظم شہباز شریف، صدر مسلم لیگ ن نواز شریف کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا جس میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بھی شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں