مکہ مکرمہ: سعودی عرب میں حج 2025 کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں، جس کے تحت سعودی وزارتِ داخلہ نے عمرہ ویزے پر موجود تمام غیر ملکیوں کو 29 اپریل 2025 تک اپنے ملکوں کو واپس جانے کی واضح ہدایت جاری کی ہے۔
وزارتِ داخلہ کے اعلامیے کے مطابق، عمرہ ویزے کی مدت ختم ہونے کے باوجود مملکت میں مقیم رہنے کو قانونی خلاف ورزی تصور کیا جائے گا اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
مزید برآں، وزارت نے واضح کیا ہے کہ 23 اپریل کے بعد مکہ مکرمہ میں داخلے کے لیے خصوصی پرمٹ درکار ہوگا۔ ایسے افراد جو کام کے سلسلے میں مکہ یا مشاعر مقدسہ (منٰی، عرفات، مزدلفہ) کا سفر کرنا چاہتے ہیں، انہیں وزارت داخلہ کے آن لائن پورٹل کے ذریعے پرمٹ حاصل کرنا لازمی ہوگا۔
سعودی حکومت ہر سال حج سیزن کے دوران حفاظتی اور انتظامی اقدامات کو یقینی بنانے کے لیے سخت پالیسی اپناتی ہے، تاکہ زائرین کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں اور ہجوم پر قابو پایا جا سکے۔
سعودی حکام نے غیر ملکی زائرین سے اپیل کی ہے کہ وہ قوانین کا احترام کریں اور مقررہ مدت کے اندر مملکت چھوڑ دیں، تاکہ آئندہ کے لیے ان کے ویزہ ریکارڈ پر منفی اثرات نہ پڑیں۔