اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے ایران کے صوبہ سیستان میں قتل ہونے والے 8 پاکستانی شہریوں کے واقعے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اسے افسوسناک اور تشویشناک قرار دیا ہے۔ وزیراعظم نے ایرانی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس بہیمانہ واقعے میں ملوث عناصر کو فوری گرفتار کر کے سخت سزا دے تاکہ انصاف کے تقاضے پورے ہوں۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ معصوم پاکستانیوں کا یوں بے رحمی سے قتل قابلِ مذمت ہے اور اس کی وجوہات سامنے لانا انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ خطے کے تمام ممالک کو دہشت گردی کے خلاف مشترکہ اور مؤثر حکمت عملی اپنانا ہوگی تاکہ اس قسم کے واقعات کا مستقل طور پر سدباب کیا جا سکے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے وزارت خارجہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ متاثرہ خاندانوں سے فوری رابطہ کریں اور ایران میں موجود پاکستانی سفارتخانے کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ جاں بحق افراد کی میتوں کی باحفاظت وطن واپسی کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کرے۔
دوسری جانب ترجمان دفتر خارجہ نے بھی تصدیق کی ہے کہ پاکستانی حکام ایرانی حکام سے مسلسل رابطے میں ہیں۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ تہران میں پاکستانی سفارت خانہ اور زاہدان میں قونصل خانہ اس معاملے پر فعال ہیں اور میتوں کی واپسی کے لیے انتظامات کر رہے ہیں۔ ترجمان کے مطابق واقعے کی مزید تفصیلات کا انتظار ہے تاکہ آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جا سکے۔