بھارتی آفیشل ویب سائٹ کا ارشد ندیم کی کارکردگی کا اعتراف، موٹیویشنل ویڈیو جاری

بھارتی آفیشل ویب سائٹ کا ارشد ندیم کی کارکردگی کا اعتراف، موٹیویشنل ویڈیو جاری 0

اسلام آباد: پاکستانی ایتھلیٹ اور گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کی شاندار کارکردگی کو پڑوسی ملک بھارت کی آفیشل ویب سائٹ نے سراہا ہے، اور پیرس اولمپکس 2024 میں اُن کی کامیابی کو نوجوانوں کے لیے ایک مثالی اور متاثر کن کہانی قرار دیا ہے۔

بھارت کی جانب سے جاری کی گئی رپورٹ میں کہا گیا کہ ارشد ندیم نے نہ صرف اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا بلکہ پاکستان کو پیرس اولمپکس میں واحد گولڈ میڈل دلوا کر عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کیا۔ اس کامیابی کے بعد بھارت نے اپنی آفیشل ویب سائٹ پر ارشد ندیم کی کامیابی پر مبنی ایک موٹیویشنل ویڈیو بھی شیئر کی ہے، جس کا مقصد بھارتی نوجوانوں کو جدوجہد اور محنت کے ذریعے کامیابی حاصل کرنے کی ترغیب دینا ہے۔

ارشد ندیم نے اولمپکس 2020 میں انجری اور ناکامی کا سامنا کیا تھا، تاہم انہوں نے ہمت نہ ہاری اور مسلسل محنت کے بعد 2024 کے اولمپکس میں شاندار کم بیک کرتے ہوئے سب کو حیران کر دیا۔ ان کی محنت، عزم اور لگن نے نہ صرف پاکستان میں بلکہ سرحد پار بھی نوجوانوں کو متاثر کیا ہے۔

بھارتی میڈیا کا یہ مثبت رویہ دونوں ممالک کے درمیان کھیل کے ذریعے تعلقات میں بہتری کی امید پیدا کرتا ہے، اور ارشد ندیم جیسے کھلاڑی اس بات کی جیتی جاگتی مثال ہیں کہ کھیل سرحدوں کو نہیں، دلوں کو جوڑتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں