لاہور: پاکستان کے معروف اسٹیج اور ٹی وی کامیڈین اداکار جاوید کوڈو طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے۔ وہ لاہور کے جنرل اسپتال میں زیر علاج تھے۔
جاوید کوڈو نے اپنے منفرد انداز، مزاحیہ اندازِ گفتگو اور چھوٹے قد کے باعث عوام میں بے پناہ مقبولیت حاصل کی۔ انہوں نے کئی دہائیوں تک اسٹیج، فلم اور ٹی وی پر کام کیا۔ ان کے یادگار ڈراموں میں “عینک والا جن” اور “آشیانہ” جیسے مقبول شوز شامل ہیں، جنہوں نے ان کے فن کو گھریلو نام بنا دیا۔
مرحوم کے اہل خانہ کے مطابق جاوید کوڈو کافی عرصہ سے مختلف بیماریوں کا شکار تھے۔ ایک حالیہ انٹرویو میں انہوں نے انکشاف کیا تھا کہ انہیں برین ہیمرج کے باعث فالج کا سامنا کرنا پڑا، ساتھ ہی دل کی بیماری اور پیٹ کی سرجری نے ان کی صحت مزید بگاڑ دی تھی۔
انہوں نے فنکار برادری کی عدم توجہی کا شکوہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ مالی پریشانیوں کے باوجود انہیں امید تھی کہ ساتھی فنکار مدد کریں گے، لیکن شاید مہنگائی اور معاشی مشکلات نے سب کو مجبور کر رکھا ہے۔