اسلام آباد: ایرانی صوبے سیستان کے شہر مہرستان میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے پر پاکستان میں ایرانی سفارتخانے نے شدید مذمت کرتے ہوئے واقعے کو غیر انسانی اور بزدلانہ قرار دیا ہے۔
ایرانی سفارتخانے کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم سیستان میں 8 پاکستانی شہریوں پر مسلح حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ یہ واقعہ ناقابل قبول ہے اور انسانیت کے تمام اصولوں کے منافی ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ دہشت گردی اور انتہاپسندی پورے خطے کے لیے ایک مشترکہ خطرہ بن چکے ہیں، اور ان کا مکمل خاتمہ صرف باہمی تعاون اور مشترکہ جدوجہد سے ہی ممکن ہے۔ گزشتہ دہائیوں میں یہی رجحان ہزاروں بے گناہ انسانوں کی جانیں لے چکا ہے۔ ایسے حالات میں خطے میں امن و استحکام کے لیے مربوط کوششیں وقت کی اہم ضرورت بن چکی ہیں۔
یاد رہے کہ چند روز قبل مہرستان کی ایک ورکشاپ پر دہشت گردوں نے اندھا دھند فائرنگ کر کے وہاں کام کرنے والے 8 پاکستانی مکینکس کو شہید کر دیا تھا، جن کا تعلق بہاولپور، پنجاب سے تھا۔
اس افسوسناک واقعے پر وزیراعظم شہباز شریف نے بھی گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ایرانی حکام سے واقعے کی فوری تحقیقات اور ملزمان کو قرار واقعی سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔