راولپنڈی: ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 10 کے پانچویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کو 102 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے دی۔ یہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی ایونٹ میں مسلسل دوسری کامیابی ہے جبکہ پشاور زلمی ابھی تک جیت کی راہ نہیں پا سکی۔
میچ کا آغاز اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان کے ٹاس جیت کر بیٹنگ کے فیصلے سے ہوا۔ یونائیٹڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 243 رنز کا پہاڑ جیسا اسکور کھڑا کیا۔
اسلام آباد کے صاحبزادہ فرحان نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 49 گیندوں پر 106 رنز کی اننگز کھیلی، جس میں 13 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔ ان کے علاوہ کولن منرو 40 اور سلمان آغا 30 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
پشاور زلمی کے بولرز میں جوزف اور حسین طلعت نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، تاہم اسلام آباد کے بیٹرز نے ان پر دباؤ برقرار رکھا۔
ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کی ٹیم 141 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور پوری ٹیم 19 ویں اوور میں پویلین لوٹ گئی۔ پشاور کی جانب سے محمد حارث نے 87 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، لیکن ان کے سوا کوئی بلے باز وکٹ پر ٹھہر نہ سکا۔
کپتان بابر اعظم صرف 1 رن بنا سکے جبکہ صائم ایوب 6 اور حسین طلعت 13 رنز پر آؤٹ ہوئے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے عماد وسیم نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ شاداب خان اور بین ڈوارشئیس نے 2،2 کھلاڑیوں کو پویلین واپس بھیجا۔
ایونٹ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے اب 4 پوائنٹس ہو چکے ہیں، جب کہ پشاور زلمی مسلسل دوسری شکست کے بعد ابھی تک پوائنٹس ٹیبل پر کوئی کامیابی حاصل نہیں کر سکی۔ یاد رہے، پشاور کو پہلے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے شکست دی تھی۔