اسلام آباد: چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے پہلے اوورسیز پاکستانی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے جذبے کو سراہا اور انہیں پاکستان کا فخر قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ میں آج آپ کے جذبات دیکھ کر نہایت متاثر ہوا ہوں اور یقین دلاتا ہوں کہ پاکستان میں آپ کے لیے ہمارے جذبات اس سے بھی زیادہ مضبوط ہیں۔
آرمی چیف نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی صرف ملک کے سفیر ہی نہیں بلکہ وہ روشنی ہیں جو پوری دنیا میں پاکستان کی شناخت کو روشن کرتی ہے۔ انہوں نے “برین ڈرین” کے تصور کو رد کرتے ہوئے کہا کہ “یہ برین ڈرین نہیں بلکہ برین گین ہے، اور اوورسیز پاکستانی اس کی بہترین مثال ہیں۔”