اسلام آباد: جوڈیشل کمیشن کا اہم اجلاس ختم ہوگیا جس میں جسٹس علی باقر نجفی اور جسٹس عقیل عباسی کو آئینی بینچ میں شامل کرنے پر اتفاق رائے ہوا ہے۔ ذرائع کے مطابق دونوں ججز کو کثرت رائے سے بینچ کا حصہ بنایا گیا۔
ذرائع کے مطابق جسٹس عقیل عباسی کو 8 جبکہ جسٹس علی باقر نجفی کو 7 ووٹ ملے، جس کے بعد انہیں آئینی بینچ کے لیے منتخب کیا گیا۔ ان دو ججز کی شمولیت کے بعد آئینی بینچ میں ججز کی مجموعی تعداد 15 ہوگئی ہے۔
تاہم اجلاس میں ججز کی تعیناتی پر اختلاف رائے بھی سامنے آیا۔ ذرائع کے مطابق جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس منیب اختر، جسٹس جمال مندوخیل، بیرسٹر علی ظفر اور بیرسٹر گوہر نے بینچ میں مزید ججز کی شمولیت کی مخالفت کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ چیف جسٹس نے بھی جسٹس علی باقر نجفی کو ووٹ نہیں دیا۔ مخالفت کرنے والے ارکان کا مؤقف تھا کہ پہلے ججز کی نامزدگی سے متعلق واضح اصول اور قواعد بنائے جائیں۔
یہ پیش رفت آئینی معاملات کے فیصلوں میں تیزی اور شفافیت لانے کی کوشش کا حصہ ہے، تاہم اس پر عدالتی حلقوں میں بحث کا سلسلہ جاری ہے