ممبئی: پاکستان کے مشہور اداکار فواد خان نے 9 سال بعد ایک بار پھر بالی وڈ میں قدم رکھ لیا ہے۔ وہ جلد ریلیز ہونے والی فلم ’عبیر گلال‘ میں مرکزی کردار نبھاتے نظر آئیں گے، جس کا حال ہی میں پہلا رومانوی گانا ’خدایا عشق‘ جاری کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق فواد خان نے اس فلم کے لیے 5 سے 10 کروڑ بھارتی روپے معاوضہ وصول کیا ہے، جو کہ ان کی اب تک کی سب سے بڑی فلمی ڈیلز میں سے ایک ہے۔ جبکہ فلم کی مرکزی اداکارہ وانی کپور کا معاوضہ تقریباً ڈیڑھ کروڑ بھارتی روپے بتایا جا رہا ہے۔
فواد خان کی بالی وڈ واپسی 2016 کے بعد ہوئی ہے، جب انہیں فلم ’کپور اینڈ سنز‘ اور ’اے دل ہے مشکل‘ میں دیکھا گیا تھا۔ دونوں ممالک کے درمیان سیاسی کشیدگی کے باعث فواد سمیت دیگر پاکستانی فنکار بالی وڈ سے کنارہ کش ہو گئے تھے۔
’عبیر گلال‘ کی ہدایتکاری آرتی ایس بگدی نے کی ہے اور اس کی شوٹنگ لندن کے خوبصورت مناظر میں مکمل کی گئی ہے۔ فلم 9 مئی 2025 کو سنیما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔
یاد رہے کہ فواد خان نے 2014 میں فلم ’خوبصورت‘ سے بالی وڈ میں ڈیبیو کیا تھا اور فلم فیئر ایوارڈ بھی اپنے نام کیا تھا۔ پاکستان میں وہ اب بھی سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے اداکاروں میں شمار ہوتے ہیں، جہاں ایک ٹی وی ڈرامہ قسط کا معاوضہ 15 سے 20 لاکھ روپے تک بتایا جاتا ہے۔