اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دہشتگردوں کو ایسی عبرتناک شکست دی جائے گی کہ وہ آئندہ پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہیں کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے امن و امان کی صورتحال پر ہونے والے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔
اجلاس میں وفاقی وزرا، مشیران، چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے چیف سیکریٹریز، آئی جیز، چیف کمشنر اسلام آباد اور دیگر اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔ اجلاس میں ملک کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال، دہشت گردی کے خلاف اقدامات اور امن و امان برقرار رکھنے کی حکمت عملی کا جائزہ لیا گیا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ملک سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، اور اس مقصد کے لیے سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں قابل فخر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دشمن ہماری معاشی کامیابیوں سے خائف ہیں، مگر ہم متحد ہو کر ان کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملائیں گے۔
انہوں نے زور دیا کہ وفاق اور صوبے مل کر دہشت گردی کے خلاف بیانیہ مضبوط بنائیں، اور سیف سٹی منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔ وزیراعظم نے کہا کہ اسمگلنگ اور انسانی اسمگلنگ کے خلاف تمام ادارے مؤثر اور مربوط کارروائیاں کریں تاکہ اس ناسور کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔
شہباز شریف نے کہا کہ سیکیورٹی ادارے دن رات دہشتگردوں سے نبرد آزما ہیں، ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ وفاقی حکومت صوبوں کو دہشتگردی سے نمٹنے کی صلاحیت بڑھانے میں ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔