کراچی: وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار یوسف نے کہا ہے کہ اس سال حاجیوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے گئے ہیں، تاکہ وہ باآسانی مناسکِ حج ادا کر سکیں۔
حاجی کیمپ کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سردار یوسف نے بتایا کہ سعودی عرب میں حاجیوں کی رہائش کے لیے معیاری انتظامات کیے گئے ہیں، تمام زونز میں سہولیات کو بہتر بنایا گیا ہے اور موسم کی شدت کو مدنظر رکھتے ہوئے اے سی والے خیمے لگائے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان خیموں میں اب سامان رکھنے کے لیے چھت پر الگ جگہ بنائی گئی ہے تاکہ حاجیوں کو زیادہ جگہ میسر آ سکے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ٹرانسپورٹ کے لیے بھی مربوط نظام وضع کیا گیا ہے، میدانِ عرفات کے لیے 70 فیصد حاجیوں کو ٹرین کے ذریعے منتقل کیا جائے گا تاکہ رش اور گرمی سے بچا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ رواں سال سرکاری اسکیم کے تحت 89 ہزار سے زائد عازمینِ حج فریضہ حج ادا کریں گے۔ ماضی کی کارکردگی کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 2013 سے 2018 کے دوران سب سے سستا اور مؤثر حج انتظام اسی دور میں کیا گیا تھا۔
سردار یوسف کا کہنا تھا کہ حکومت کی بھرپور کوشش ہے کہ حاجیوں کو نہ صرف سہولتیں دی جائیں بلکہ وقت پر مکمل معلومات بھی فراہم کی جائیں تاکہ وہ بغیر کسی دشواری کے عبادات انجام دے سکیں۔