پیپلز پارٹی کی صبا تالپور این اے 213 عمر کوٹ ضمنی الیکشن میں کامیاب، سرکاری نتیجہ جاری

پیپلز پارٹی کی صبا تالپور این اے 213 عمر کوٹ ضمنی الیکشن میں کامیاب، سرکاری نتیجہ جاری 0

عمرکوٹ: قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 213 عمر کوٹ کے ضمنی انتخاب کے سرکاری نتائج کا اعلان کر دیا گیا ہے، جس کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کی امیدوار صبا تالپور واضح برتری کے ساتھ کامیاب قرار پائی ہیں۔

ریٹرننگ افسر کے جاری کردہ سرکاری نتائج کے مطابق صبا تالپور نے ایک لاکھ 61 ہزار 934 ووٹ حاصل کیے، جبکہ ان کے مدمقابل آزاد امیدوار لال چند مالہی نے 81 ہزار 160 ووٹ لیے اور دوسرے نمبر پر رہے۔

یہ نشست پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما نواب یوسف تالپور کے انتقال کے بعد خالی ہوئی تھی۔ ان کی وفات کے بعد ضمنی انتخاب کا انعقاد عمل میں آیا، جس میں پیپلز پارٹی نے ایک بار پھر اپنی برتری ثابت کی۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اس کامیابی کو جیالوں کی محنت کا ثمر قرار دیتے ہوئے حیدرآباد میں جشن منانے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کارکنوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پارٹی عوام کے اعتماد پر ہمیشہ پورا اترے گی۔

دوسری جانب آزاد امیدوار لال چند مالہی نے الیکشن نتائج کو مسترد کرتے ہوئے شدید احتجاج کیا۔ انہوں نے ضلعی ریٹرننگ آفیسر (ڈی آر او) کے دفتر کے سامنے دھرنا دیا اور آج علاقے میں ہڑتال کا اعلان بھی کیا ہے۔ ان کا دعویٰ ہے کہ انتخابی عمل میں شفافیت کا فقدان تھا اور نتائج جانبداری پر مبنی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں