جناح اسپتال کراچی میں تیمارداروں کا ڈاکٹر پر تشدد، 12 افراد کیخلاف مقدمہ درج

جناح اسپتال کراچی میں تیمارداروں کا ڈاکٹر پر تشدد، 12 افراد کیخلاف مقدمہ درج 0

کراچی: جناح اسپتال کے انتہائی نگہداشت یونٹ (آئی سی یو) میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک مریض کے تیمارداروں نے طبی عملے پر حملہ کرتے ہوئے ڈاکٹر شیو رام کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ واقعے کے بعد پولیس نے 12 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔

ذرائع کے مطابق 10 سے 15 افراد آئی سی یو میں زبردستی داخل ہوئے اور ڈاکٹر شیو رام کو گھسیٹ کر وارڈ سے باہر نکالا اور شدید زد و کوب کیا۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آ چکی ہے، جس میں حملے کے مناظر واضح طور پر دیکھے جا سکتے ہیں۔

ڈاکٹرز کے مطابق واقعہ اُس وقت پیش آیا جب ایک مریض کو آئی سی یو میں بیڈ نہ ملنے پر تیماردار مشتعل ہو گئے۔ اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی سی یو میں صرف 9 بیڈز دستیاب ہیں اور سہولیات محدود ہونے کے باوجود طبی عملہ اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے انجام دے رہا ہے۔ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ ایسے پُرتشدد واقعات ان کے حوصلے پست کرتے ہیں۔

واقعے کے بعد ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے آج او پی ڈی کے بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ حملہ آوروں کے خلاف فوری قانونی کارروائی کی جائے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام ممکن ہو۔

ایف آئی آر کے مطابق واقعہ رات ڈھائی بجے پیش آیا جب ڈاکٹر شیو رام نے فون پر اطلاع دی کہ اسپتال میں ڈاکٹروں پر حملہ کیا گیا ہے۔ مقدمہ میں لڑائی جھگڑا، تشدد اور توڑ پھوڑ کی دفعات شامل کی گئی ہیں، اور پولیس نے 12 افراد کو نامزد کیا ہے۔

متن میں مزید کہا گیا ہے کہ حملہ آور مریض کی لاش کو دوسرے وارڈ سے اٹھا کر تھانے لے گئے اور ڈاکٹرز پر ایف آئی آر کٹوائی تاکہ اپنی کارروائی پر پردہ ڈال سکیں۔ پولیس سے اسپتال کی سیکیورٹی بڑھانے کی درخواست بھی کی گئی ہے جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں