کراچی: وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے انسانی اسمگلنگ اور گداگری جیسے سنگین جرائم کی روک تھام کے لیے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے ملک بھر کے تمام ہوائی اڈوں پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
ایف آئی اے ذرائع کے مطابق یہ اقدام مسافروں کی مؤثر نگرانی، مشکوک سرگرمیوں کی بروقت نشاندہی اور غیر قانونی عناصر کی گرفتاری کو ممکن بنانے کے لیے کیا جا رہا ہے۔ ڈی جی ایف آئی اے کی ہدایت پر تمام ایئرپورٹس کے آرائیول اور ڈپارچر کاؤنٹرز پر ہائی ریزولوشن سی سی ٹی وی کیمرے لگانے کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں ایف آئی اے ہیڈکوارٹرز کی جانب سے تمام امیگریشن سربراہان کو باضابطہ مراسلہ بھی موصول ہو چکا ہے۔ اس مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ کیمروں کی تنصیب کے بعد تمام فوٹیجز براہ راست ایف آئی اے ہیڈکوارٹرز میں بھی مانیٹر کی جائیں گی تاکہ نگرانی کے عمل کو مزید مربوط اور شفاف بنایا جا سکے۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد ہوائی اڈوں کو محفوظ بنانا، انسانی اسمگلنگ جیسے جرائم کی بیخ کنی اور جعلی دستاویزات کے ذریعے بیرون ملک جانے کی کوشش کرنے والوں کو قانون کے کٹہرے میں لانا ہے۔