اسلام آباد، پنجاب اور خیبر پختونخوا میں زلزلے کے شدید جھٹکے

اسلام آباد، پنجاب اور خیبر پختونخوا میں زلزلے کے شدید جھٹکے 0

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت پنجاب، خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 5.9 ریکارڈ کی گئی، جبکہ زیر زمین گہرائی 94 کلومیٹر تھی۔ زلزلے کا مرکز افغانستان اور تاجکستان کی سرحد کے قریب واقع تھا۔

خیبر پختونخوا کے جن علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ان میں پشاور، مردان، سوات، نوشہرہ، دیر بالا، لوئر دیر، باجوڑ، مہمند، مالاکنڈ، شبقدر اور چترال شامل ہیں۔

پنجاب میں راولپنڈی، لاہور، منڈی بہاؤالدین، حافظ آباد، گجرات، فیصل آباد اور ان کے گرد و نواح کے علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے رپورٹ ہوئے۔ گلگت، پاراچنار اور قریبی پہاڑی علاقوں میں بھی زمین لرز اٹھی۔

زلزلے کے باعث متعدد شہروں میں لوگ خوف کے مارے گھروں، دفاتر اور تجارتی مراکز سے باہر نکل آئے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق زلزلے سے کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی تاہم حکام نے احتیاطی تدابیر کے تحت عمارتوں کی چیکنگ کا عمل شروع کر دیا ہے۔

پی ڈی ایم اے پنجاب کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق صوبے بھر میں مشینری اور امدادی عملے کو الرٹ کر دیا گیا ہے جبکہ تمام اضلاع کی انتظامیہ کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ ممکنہ نقصانات کی فوری جانچ اور رپورٹنگ کو یقینی بنایا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں