کراچی: ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 10 کے آٹھویں میچ میں کراچی کنگز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 56 رنز سے شکست دے دی۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے اس میچ میں کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 175 رنز اسکور کیے۔ ٹیم کی جانب سے جیمز ونس نے 70 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جب کہ ڈیوڈ وارنر نے 31 اور ٹم سائفرٹ نے 27 رنز بنائے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بولرز میں علی ماجد اور محمد عامر نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ دیگر بولرز مہنگے ثابت ہوئے اور وکٹیں حاصل نہ کر سکے۔
جواب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم 176 رنز کے ہدف کے تعاقب میں شدید دباؤ کا شکار رہی اور مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر صرف 119 رنز بنا سکی۔ ٹیم کے کپتان سعود شکیل نے 33 اور محمد عامر نے 30 رنز کی اننگز کھیلی، تاہم باقی بیٹرز خاطرخواہ کارکردگی نہ دکھا سکے۔
کراچی کنگز کے بولرز نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور مسلسل وکٹیں حاصل کرتے رہے، جس کے باعث کوئٹہ کی بیٹنگ لائن دباؤ میں آئی اور بڑا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی۔
پی ایس ایل 10 کے پوائنٹس ٹیبل پر اس فتح کے بعد کراچی کنگز نے 4 پوائنٹس کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کر لی ہے، جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ 6 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست اور لاہور قلندرز 4 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 2 پوائنٹس کے ساتھ چوتھی، جبکہ ملتان سلطانز اور پشاور زلمی بغیر کسی پوائنٹس کے بالترتیب پانچویں اور چھٹے نمبر پر ہیں۔