لاہور: پاکستانی اداکار و کامیڈین ناصر چنیوٹی نے ہانیہ عامر کے مداحوں کو بڑی خوشخبری دیتے ہوئے ان کے آنے والے بھارتی پنجابی فلمی کردار سے متعلق اہم انکشاف کیا ہے۔
ناصر چنیوٹی، جنہیں پاکستان کے معروف اسٹیج اور فلمی کامیڈینز میں شمار کیا جاتا ہے، بھارت میں بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں۔ سال 2024 میں ریلیز ہونے والی مشہور بھارتی پنجابی فلم ‘جٹ اینڈ جولیئٹ 3’ میں ان کی اداکاری کو خوب سراہا گیا، اور اب وہ ایک بار پھر ہانیہ عامر کے ساتھ نئی فلم ‘سردارجی 3’ میں جلوہ گر ہونے جا رہے ہیں۔
حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران ناصر چنیوٹی سے جب فلم ‘سردارجی 3’ کے بارے میں سوال کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ یہ فلم رواں سال جون میں سینما گھروں کی زینت بنے گی۔ فلم میں دلجیت دوسانجھ مرکزی کردار میں نظر آئیں گے، جبکہ ہانیہ عامر بھی اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔
ہانیہ عامر کے بارے میں بات کرتے ہوئے ناصر چنیوٹی نے کہا کہ “وہ نہ صرف خوبصورت اور باصلاحیت اداکارہ ہیں بلکہ بہت اچھی پنجابی بھی بولتی ہیں۔ فلم میں ان کا کردار ناظرین کو ضرور پسند آئے گا اور ان کی اداکاری دیکھ کر لوگ خوش ہو جائیں گے۔”
فلم ‘سردارجی 3’ نہ صرف پاکستان بلکہ بھارت میں بھی دلچسپی کا مرکز بنی ہوئی ہے، اور ہانیہ عامر کی موجودگی فلم کو سرحد پار بھی توجہ دلا رہی ہے۔ مداحوں کو اب فلم کے ریلیز ہونے کا شدت سے انتظار ہے۔