اسلام آباد میں ریڈ زون سیل، غزہ مارچ کے پیش نظر سیکیورٹی ہائی الرٹ، حکومت کا جماعت اسلامی سے رابطہ

اسلام آباد میں ریڈ زون سیل، غزہ مارچ کے پیش نظر سیکیورٹی ہائی الرٹ، حکومت کا جماعت اسلامی سے رابطہ 0

اسلام آباد: جماعت اسلامی کے اعلان کردہ “غزہ مارچ” کے تناظر میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے ہیں۔ ریڈ زون اور ایکسٹینڈڈ ریڈ زون کے داخلی و خارجی راستوں کو کنٹینرز اور خاردار تاروں کی مدد سے مکمل طور پر سیل کر دیا گیا ہے، جبکہ شہر بھر میں سیکیورٹی اہلکاروں کی چیکنگ مزید سخت کر دی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق، اسلام آباد میں کسی بھی غیرقانونی اجتماع یا احتجاج پر مکمل پابندی عائد ہے اور خلاف ورزی کی صورت میں سخت کارروائی کا عندیہ دیا گیا ہے۔ پولیس اور رینجرز کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے جبکہ اہم مقامات پر گشت میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔

جماعت اسلامی نے فلسطینیوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے 20 اپریل کو اسلام آباد میں غزہ مارچ کا اعلان کیا تھا۔ منصورہ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے کہا تھا کہ غزہ پر اسرائیلی مظالم کے خلاف آواز بلند کرنا ہر مسلمان کا فرض ہے۔ انہوں نے 26 اپریل کو ملک گیر تاریخی ہڑتال کا بھی اعلان کیا تھا۔

ادھر حکومت کی جانب سے جماعت اسلامی سے باضابطہ رابطہ کیا گیا۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے جماعت اسلامی کے سینئر رہنما لیاقت بلوچ سے ٹیلیفونک رابطہ کرتے ہوئے حکومت کے تحفظات کا اظہار کیا۔

لیاقت بلوچ نے حکومتی موقف کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے جماعت اسلامی کا مارچ مکمل طور پر پرامن ہوگا۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ مارچ کے راستے میں رکاوٹیں نہ کھڑی کرے، کیونکہ ایسے اقدامات ریاست کی بدنامی کا باعث بن سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینیوں کے حق میں آواز اٹھانا سیاسی نہیں، بلکہ انسانی اور اسلامی فریضہ ہے۔

لیاقت بلوچ نے مزید کہا کہ مسلم دنیا کو کویت کی طرح اسرائیل سے تعلقات ختم کرنے کا جرات مندانہ فیصلہ کرنا ہوگا۔ کویت کے اقدام نے امت مسلمہ کے جذبات کی سچی ترجمانی کی ہے، اور دیگر مسلم ممالک کو بھی اسی طرز پر واضح مؤقف اپنانا چاہیے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں