اسلام آباد: پاکستان سمیت دنیا بھر میں مسیحی برادری آج عقیدت و احترام کے ساتھ ایسٹر کا تہوار منا رہی ہے۔ یہ دن حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی قیامت کی یاد میں منایا جاتا ہے اور مسیحی عقیدے کے مطابق یہ امید، تجدید اور روحانی خوشی کی علامت سمجھا جاتا ہے۔
وزیرِاعظم شہباز شریف نے اس موقع پر مسیحی برادری کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ہے۔ اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ ایسٹر امن، محبت، انکساری اور قربانی کا پیغام لے کر آتا ہے۔ حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی تعلیمات انسانیت کے لیے مشعلِ راہ ہیں، جن میں ہر فرد کے لیے خیر خواہی اور محبت کا درس دیا گیا ہے۔
وزیرِاعظم نے پاکستان کی تعمیر و ترقی میں مسیحی برادری کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ مسیحی شہریوں کی محنت، دیانت داری اور خدمت کا جذبہ ہمارے معاشرے کا قیمتی اثاثہ ہے۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ مسیحی برادری ایک پُرامن اور خوشحال پاکستان کی تشکیل میں اپنا مثبت کردار آئندہ بھی جاری رکھے گی۔