پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم ورلڈکپ کھیلنے بھارت نہیں جائے گی: چیئرمین پی سی بی

پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم ورلڈکپ کھیلنے بھارت نہیں جائے گی: چیئرمین پی سی بی 0

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم آئندہ ورلڈکپ کھیلنے کے لیے بھارت نہیں جائے گی۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ اس معاہدے پر پہلے ہی اتفاق ہو چکا ہے۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ویمن کرکٹ ٹیم کی کھلاڑیوں سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے بتایا کہ پاکستان ویمن ٹیم کے بھارت نہ جانے کا فیصلہ پہلے ہی طے شدہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت میزبان ملک ہے اور وہ فیصلہ کرے گا کہ کہاں میچز کرائے جائیں گے، تاہم پاکستان اس کے سوا کسی بھی جگہ کھیلنے کے لیے تیار ہے۔

محسن نقوی نے ویمن ٹیم کی پرفارمنس کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب ٹیم یکجہتی کے ساتھ کھیلتی ہے تو اس کا اثر نتائج پر واضح طور پر دکھائی دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ویمن کرکٹرز کو انعام ملنا ان کا حق ہے اور یہ ہر ٹیم کے لیے ضروری ہے کہ وہ ایک ساتھ کھیل کر اچھے نتائج حاصل کرے۔

چیئرمین پی سی بی نے مزید کہا کہ ویمن ٹیم میں چھوٹی چھوٹی تبدیلیاں کی جاتی رہیں، لیکن اب ٹیم ایک ٹھوس سمت پر گامزن ہے اور وہ بہتر نتائج دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسی طرح انڈر 19 شاہین اور قومی ٹیموں کے نتائج بھی بہتر ہو جائیں گے۔

محسن نقوی نے قومی ٹیم کے حوالے سے آئندہ اہم فیصلوں کا عندیہ دیا اور کہا کہ اس بارے میں جلد فیصلہ کیا جائے گا۔ انہوں نے عاقب جاوید سے عبوری ذمہ داری سنبھالنے کی درخواست کی تھی اور کہا کہ یہ فیصلہ عارضی ہے، آئندہ ہفتے اس بارے میں مزید بات کی جائے گی۔

محمد رضوان کے متعلق پوچھے گئے سوال پر محسن نقوی نے کہا کہ وہ اس بارے میں کوئی تبصرہ نہیں کریں گے۔ اس سے قبل انہوں نے پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم سے ملاقات کی اور ان کی محنت پر شاباش دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں