پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شعیب شاہین نے ایک بار پھر سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شعیب شاہین نے فواد چوہدری پر سنگین الزامات عائد کیے اور انہیں پارٹی میں تقسیم ڈالنے والا “ٹاؤٹ” قرار دیا۔
شعیب شاہین کا کہنا تھا کہ فواد چوہدری نے ہمیشہ پارٹی کے اندر انتشار پھیلانے کی کوشش کی، اور ایسے عناصر کو بے نقاب کرنا ناگزیر ہے جو تحریک انصاف کے اندرونی معاملات کو بگاڑنے کا باعث بن رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کسی بھی صورت اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کرتے۔
شعیب شاہین نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ فیصل چوہدری کو جھوٹ بولنے کی بنیاد پر خود بانی پی ٹی آئی نے پارٹی سے نکالا تھا، جس سے یہ واضح ہوتا ہے کہ پارٹی قیادت کسی غیر سنجیدہ یا انتشار پھیلانے والے رویے کو برداشت نہیں کرتی۔
ایک سوال کے جواب میں شعیب شاہین نے انکشاف کیا کہ ان کے خلاف قتل، ڈکیتی اور دہشتگردی جیسے الزامات پر مبنی 20 ایف آئی آرز درج کی جا چکی ہیں، لیکن وہ اپنے مؤقف پر قائم ہیں اور پارٹی کی سچائی کے لیے آواز بلند کرتے رہیں گے۔
یاد رہے کہ شعیب شاہین اور فواد چوہدری کے درمیان اس سے قبل بھی متعدد بار لفظی جھڑپیں اور الزامات کی جنگ ہو چکی ہے، جبکہ بعض مواقع پر دونوں رہنماؤں کے درمیان ہاتھا پائی کی خبریں بھی منظر عام پر آ چکی ہیں۔